تنازعات کا حل مذاکرات میں ہے، اسلامی ممالک ثالث بنیں، افغان سفیر کا بیان

تنازعات کا حل مذاکرات میں ہے، اسلامی ممالک ثالث بنیں، افغان سفیر کا بیان

افغان سفیر سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ پاک افغان تنازعات کے حل میں اسلامی ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان تنازعات اور غلط فہمیوں کے حل کے لیے اسلامی ممالک بہترین ثالث ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان ہمیشہ سے مذاکرات کو ترجیح دیتے آئے ہیں اور مستقبل میں بھی اسی پالیسی پر قائم رہیں گے۔

افغان میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سردار احمد شکیب نے کہا کہ مذاکرات کے پچھلے کئی ادوار میں اسلامی ممالک نے مؤثر ثالثی کا کردار ادا کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی۔ ان کے مطابق اسلامی دنیا کا مثبت کردار نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنا سکتا ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

سفیر کا کہنا تھا کہ افغانستان امن چاہتا ہے اور کسی قسم کی کشیدگی کے بجائے بات چیت اور سفارتی راستہ اپنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک خصوصاً علاقائی قوتیں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم پل کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امارتِ اسلامی نے ہمیشہ مذاکرات کو کسی دوسرے آپشن پر ترجیح دی ہے، اور ان کی خواہش ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک اپنے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

سردار احمد شکیب کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے سازگار ماحول اور بھرپور سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے، جس میں اسلامی ممالک کی شمولیت مسائل کے حل کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کی نہیں، بڑے لوگوں کی خواہش پوری ہو رہی ہے، ضرورت

Scroll to Top