واشنگٹن میں پی ٹی آئی کا احتجاج بری طرح ناکام، بھرپورمہم کے باوجود مٹھی بھر لوگ بھی اکٹھے نہ ہو سکے

واشنگٹن میں پی ٹی آئی کا احتجاج بری طرح ناکام، بھرپورمہم کے باوجود مٹھی بھر لوگ بھی اکٹھے نہ ہو سکے

واشنگٹن میں پی ٹی آئی کا احتجاج ناکام، چھوٹی تعداد میں شریک افراد نے مظاہرہ کیا،ایمبیسی واشنگٹن کے باہرمظاہرہ ناکام رہا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے امریکا میں پاکستان ایمبیسی واشنگٹن کے باہر کیا جانے والا احتجاج بری طرح ناکام رہا۔ ’تھینکس گیونگ ہفتہ‘ کی چھٹی کے باوجود پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال پر صرف 15 سے 20 افراد ہی شریک ہوئے، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف ویڈیوز کے مطابق اس تعداد سے بھی کم افراد دکھائی دیے۔

ایمبیسی کے باہر جمع افراد نے پی ٹی آئی اور پاکستانی پرچم کے علاوہ مختلف بینرز اٹھائے اور عمران خان کی حمایت میں نعرے لگائے۔ ایک موبائل بل بورڈ ٹرک بھی حکومتی پالیسیوں کے خلاف پیغامات دکھاتا رہا۔

پی ٹی آئی یو ایس اے کے بعض اکاؤنٹس نے احتجاج کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی، مگر ایک صارف نے خود اعتراف کیا کہ ’تعطیلات کے باوجود پی ٹی آئی بھرپور احتجاج کرنے میں ناکام رہی‘ اور شرکا کی تعداد کم ہونے کے باعث مظاہرہ مؤثر ثابت نہ ہو سکا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے حامی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے احتجاج کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے ’گھوسٹ ٹاؤن‘، ’مکمل ناکامی‘ اور ’غیر مؤثر‘ قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں خالی جگہیں، چھوٹے چھوٹے گروپس اور بارش میں کھڑے چند افراد دیکھے گئے۔

ایونٹ کی دستیاب ویڈیوز میں دو قسم کے مناظر دیکھنے کو ملے: نسبتاً بڑے گروپ میں 15 سے 20 افراد ایمبیسی کے قریب کھلے علاقے میں پرچم لہراتے اور نعرے لگاتے نظر آئے، جبکہ ایک اور گروپ چھتریوں اور گرم کپڑوں میں کھڑا تھا اور چند مقررین مختصر تقاریر کر رہے تھے۔

احتجاج مجموعی طور پر پُرامن رہا، لیکن تعطیلات اور پی ٹی آئی کے وسیع تر اعلان کے باوجود عوامی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی۔ گزشتہ چند ہفتوں میں دنیا کے دیگر ممالک میں اسی نوعیت کے چھوٹے مظاہرے بھی کرنے کی کوشش کی گئی، جو مکمل ناکام ثابت ہوئے۔

ابھی تک پاکستان ایمبیسی کے باہر ہونے والے اس احتجاج کو کسی امریکی یا بین الاقوامی میڈیا ادارے نے رپورٹ نہیں کیا، تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس پر بحث جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی میں گورنر راج، وفاقی حکومت پی ٹی آئی کو فرار کا موقع دے رہی ہے، عنایت اللہ

Scroll to Top