شاہدجان
خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبہ ہزارہ کے قیام کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
حکومتی رکن نذیر احمد عباسی کی جانب سے صوبہ ہزارہ کے قیام کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس: اے این پی کی اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہزارہ خطے کی تاریخی اور ثقافتی شناخت، اس کی بڑھتی ہوئی انتظامی ضروریات اور مؤثر نمائندگی کے لیے مساوی ترقی کے حصول کے لیے عوام کے دیرینہ مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت آئین پاکستان کے آرٹیکل 239 کے تحت صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے درکار آئینی عمل فوری طور پر شروع کرے۔
قرارداد میں ایوان نے صوبائی حکومت سے سفارش کی کہ نئے صوبے کے قیام کے لیے درکار تمام مشاورتی اور انتظامی اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت نئے صوبے کے ڈھانچے، حدود اور انتظامی لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے ضروری سفارشات تیار کرے اور انہیں متعلقہ فورمز کے سامنے پیش کرے تاکہ آئینی عمل کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔





