ملاکنڈ میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن، افغان شہری بھی گرفتار

ملاکنڈ: ملاکنڈ میں وزیر ایکسائز سید فخر جہان، سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

تھانہ ایکسائز ملاکنڈ ریجن نے پل چوکی کے قریبی دریائے سوات کے اراضیات میں منشیات کے بڑے گروہ زاہد آفریدی گروپ کے خلاف آپریشن کیا۔

اطلاع موصول ہوئی تھی کہ زاہد آفریدی، ریحان ولد امیر زمان اور نوید ولد زولا خان کم عمر لڑکوں کو منشیات فروخت کر رہے ہیں۔

آپریشن کے دوران چھاپہ مارا گیا، تاہم کھلے مقام اور خریداروں کے بھیس میں موجود ملزم زاہد آفریدی اور ریحان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ ملزم نوید ولد زولا خان کو سخت مزاحمت کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم نوید سے موقع پر 512 گرام چرس اور 70 عدد ٹوکن برآمد ہوئے جو وہ فروخت کر رہا تھا۔ نوید افغان شہری ہے اور اس کے خلاف ضلع ملاکنڈ میں منشیات فروشی اور چوری کے متعدد مقدمات درج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ نے افغان تارکین وطن کا جائزہ دوبارہ شروع کر دیا، ویزا اجرا معطل

اس آپریشن کے علاوہ زاہد آفریدی گروپ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں۔

اسی دوران ایک اور کارروائی میں غنی گروپ کا اہلکار عدنان ولد سعید خان اماندرہ سے گرفتار ہوا۔ ملزم عدنان پہلے بھی تھانہ ایکسائز کے مقدمے میں ساڑھے تین سال سزا کاٹ چکا ہے۔

Scroll to Top