شاہد جان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہےکہ بانی چیئرمین کی صحت اس وقت بالکل ٹھیک ہے اور جیل میں جو سختیاں ہیں وہ برداشت کر رہے ہیں۔
پشاور کے نشترہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ عظمی صاحبہ نے قوم کو جو پیغام پہنچایا امید ہے بانی چیئرمین کا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : امن کی بحالی ترجیح، خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری پر قوم کو فخر ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا اس وقت بانی چیئرمین کی توقعات پر پورا اتر رہے ہیں اور امید ہے آگے بھی سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے کا سب سے اہم مسئلہ دہشتگردی اور بے روزگاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوامحکمہ ایکسائز نے فینسی اور خصوصی نمبر پلیٹس متعارف کرانے کا اہم فیصلہ کر لیا
بیرسٹر سیف نے افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا گہرا تعلق ہے وہاں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا اور گزشتہ دہائیوں میں جب بھی افغانستان میں بد امنی آئی ہے نقصان پاکستان کو بھی ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی نیٹ ہائیڈرل پروفٹ اور معدنیات کا حصہ نہیں دیا جارہا اور صوبائی حکومت کو وفاق سے اپنا حق لینا چاہیے۔
کابینہ سے متعلق سوال پر بیرسٹر سیف نے کہا کہ کابینہ وزیراعلی کی صوابدید ہے ان کی مرضی جن کو شامل کرے،مجھے عہدہ رکھنے کا کوئی شوق نہیں ،بانی چیئرمین نے جو کام دیا وہ کیا ہے اور بانی چیئرمین سے جو باتیں ہوئی ہے وہ میڈیا کے سامنے نہیں رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے صوبے کو ہمیشہ نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ گورنر راج ایمرجنسی کی صورت میں لگتا ہے فلحال اس کی ضرورت نہیں۔





