افغان مہاجرین خود وطن واپس جا رہے ہیں،سرحدی رکاوٹیں اور غلط تاثر ختم کرنے پر زور، شوکت یوسفزئی نے واپسی کی مخالفت کے الزامات یکسر مسترد کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے متعلق تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی بھی افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کی مخالفت نہیں کی۔
میڈیا سے گفتگو میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ افغان مہاجرین خود وطن واپس جا رہے ہیں، تاہم فی الحال سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے واپسی میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ افغان مہاجرین اپنی جائیدادیں فروخت کر کے واپسی کے لیے تیار ہو رہے ہیں، لیکن سرحد پر بعض اوقات تین سے چار دن لوگ بھوکے پیاسے پڑے رہتے ہیں، جس سے غلط تاثر جنم لیتا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے شیڈول بنایا گیا ہے تاکہ یہ عمل منظم اور محفوظ انداز میں مکمل ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے آپریشن سے وہ خود اور بیرسٹر گوہر بھی لاعلم ہیں، اور بعض لوگ باہر بیٹھ کر بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام پر اپنے مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے زور دیا کہ افغان مہاجرین کی واپسی ایک ذمہ دار اور منظم عمل ہونا چاہیے، اور اس میں شہریوں کو انسانی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ کسی بھی طرح کا غلط پیغام نہ جائے۔





