پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوستی اور تعاون کا نیا دور شروع ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ایک اہم اور تاریخی تقریب میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے، جن میں اسلام آباد اور بشکیک کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ سب سے نمایاں رہا۔
اس اہم موقع پر کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف بنفسِ نفیس شریک ہوئے۔ تقریب کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں روابط کو مضبوط بنانا تھا۔
اسلام آباد،بشکیک ٹوئن سٹی معاہدہ
وزیر اعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کو باضابطہ طور پر جڑواں شہر قرار دیا گیا ہے۔اس معاہدے کے ذریعے دونوں شہروں کے درمیان شہری ترقی، انتظامی امور، ثقافت، سیاحت، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں قریب تر تعاون کیا جائے گا۔
متعدد اہم شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان درج ذیل شعبوں میں بھی تعاون کے معاہدے کیے گئے:
کان کنی اور جیوسائنس میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت
پاکستان فارن سروسز اکیڈمی اور کرغز ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان تربیتی اشتراک
سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون
سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدہ
ثقافت اور نوجوانوں کے امور میں مفاہمتی یادداشت
وزارت قانون و انصاف پاکستان اور کرغزستان کی وزارتِ انصاف کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ
وزیراعظم یوتھ پروگرام اور کرغز وزارتِ ثقافت و نوجوانان کے درمیان اشتراک
وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدمی خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور کہا کہ’’ہم کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ دو دہائیوں بعد کسی کرغیز صدر کا دورہ پاکستان آنا ہماری دوستی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔”وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کی بنیاد مشترکہ تاریخ، ثقافت اور خطے کے امن و تعاون پر ہے۔
دوطرفہ تعلقات کے نئے دروازے کھل گئے
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدے نہ صرف پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعاون کو نئی جہت دیں گے بلکہ
خطے میں نئی سفارتی راہیں کھلیں گی
نوجوانوں، سیاحت، ثقافت اور توانائی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے
اسلام آباد اور بشکیک کے درمیان براہِ راست شہری تعاون مزید گہرا ہوگا
یہ تاریخی پیش رفت پاکستان اور کرغزستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔





