سردی مزید بڑھے گی، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق آنے والے دنوں میں سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے اور کئی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد رہے گا اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گرد و نواح میں بھی موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور صبح و رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں کمی دیکھنے کو ملے گی۔
خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت میں شدید کمی کی توقع ہے۔ بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ شمالی اضلاع میں صبح و رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد رہے گا اور مختلف مقامات پر بارش کے ساتھ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ کشمیر کے چند مقامات پر بھی بارش اور پہاڑوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سردی کی شدت اور برفباری کے پیش نظر محتاط رہیں اور سرد موسم کے لیے مناسب تیاریاں کر لیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج سے 5 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان، پی ڈی ایم اے۔





