عادل راجہ اور شہزاد اکبر پر مبینہ حملے میں ملوث 3ملزمان عادی مجرم نکلے،تحریک انصاف کا پروپیگنڈاناکام

پاکستان کا بھگوڑے یوٹیوبرزشہزاد اکبر، عادل راجا کی فوری واپسی کے لیے برطانیہ سے رابطہ

پاکستان نے برطانیہ سے بھگوڑے یوٹیوبرز شہزاد اکبر اور عادل راجا کی فوری واپسی کا مطالبہ کر دیا

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میرٹ سے وزیر داخلہ ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان مخالف بیرون ملک سرگرم یوٹیوبرز کے خلاف کارروائی اور ان کی پاکستان حوالگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے برطانیہ سے درخواست کی کہ شہزاد اکبر اور عادل راجا کو فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے، کیونکہ دونوں بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتا ہے، لیکن فیک نیوز اور جھوٹی مہمات دنیا بھر کے ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک سے جھوٹے بیانیے بنا کر ریاستی اداروں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔

محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ شہزاد اکبر اور عادل راجا کے مکمل ایکسٹراڈیشن کاغذات تیار کر کے باضابطہ طور پر برطانوی ہائی کمیشن کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں افراد کی واپسی کے لیے سرکاری طور پر برطانیہ سے رابطہ کر لیا ہے اور قانون کے مطابق تمام ثبوت فراہم کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے برطانیہ سے باقاعدہ مطالبہ کیا ہے کہ برطانوی سرزمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے اور ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے جو وی لاگز اور سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ حکومتی عہدیداروں نے بتایا کہ بھگوڑے یوٹیوبرز کے لیے برطانوی زمین تنگ کر دی گئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قانونی پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور سائبر قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ذمہ دارانہ میڈیا اور سوشل میڈیا استعمال پر یقین رکھتا ہے، مگر جھوٹی خبریں پھیلا کر ملک دشمن بیانیہ بنانے والوں کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی ضروری ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی بار کسی ملک کو باضابطہ درخواست دے کر ایسے سوشل میڈیا شخصیات کی حوالگی مانگی ہے جو پاکستان سے باہر رہ کر ریاست کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ مزید پیش رفت آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔

Scroll to Top