اے ٹی سی اسلام آباد نے وزیراعلی سہیل آفریدی ،مینا خان اور ڈاکٹر امجد کو اشتہاری قرار دیدیا

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نےوزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی،صوبائی وزراء مینا خان آفریدی اور ڈاکٹر امجد کو اشتہاری قرار دیدیا ۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر 1 کے جج عبدالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ نون میں درج مقدمہ نمبر 706/24 میں فیصلہ جاری کرتے ہوئے لکھا کہ عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد خصوصی عدالت نے اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ملزمان “جان بوجھ کر گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو چھپا رہے ہیں۔

عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت ان کے اشتہاری اعلامیے جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق اشتہاری نوٹس ملزمان کی رہائش گاہوں اور علاقے کے نمایاں مقامات پر چسپاں کیے جائیں گے، جب کہ تمام قانونی کارروائیاں مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کی جائیں گی۔ اشتہاری نوٹس 30 روز بعد عدالت میں واپس جمع کروائے جائیں گے۔

قبل ازیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) اسلام آباد نے تھانہ نون میں درج مقدمہ نمبر 706/24 میں مطلوب متعدد ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا ۔ مذکورہ ایف آئی آر میں قتل، دہشت گردی اور دیگر سنگین نوعیت کی دفعات کے ساتھ ساتھ Peaceful Assembly and Public Order Act 2024 کی شقیں بھی شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی کی درخواست کے مطابق ملزمان متعدد کوششوں کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گرفتاری کے لیے دستیاب نہیں ہوئے۔

Scroll to Top