اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے نئے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تعیناتی جدید جنگی تقاضوں کے مطابق ہے اور ملکی دفاع کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔
شہباز شریف نے ایئر چیف کو بھی مدت ملازمت میں دو سالہ توسیع پر مبارکباد دی اور ان کے پیشہ ورانہ انداز اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے ملک کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے اور یہی اتحاد ملک کو ناقابل تسخیر بنائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دسمبر 2030 تک چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات،نوٹیفکیشن جاری
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
صدر مملکت کی منظوری کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز بن گئے ہیں ۔
یہ تعیناتی پانچ سال کے لیے کی گئی ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دسمبر 2030 تک چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تعینات رہیں گے۔
صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر چیف آف ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ پانچ سالہ مدتِ ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہوگا۔





