اسلام آباد: آٹھویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران ملکی بحری سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے شرکا سے ملاقات کی اور ابھرتے ہوئے میری ٹائم چیلنجز، بحری شعبے میں بدلتے ہوئے مواقع اور پاکستان کی بلیو اکانومی کی بھرپور صلاحیت پر روشنی ڈالی۔
نیول چیف نے معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کے ناقابل تسخیر دفاع کی تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیا اور انہیں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شمولیت اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کے بارے میں بریف کیا۔
دورے کے دوران شرکا کو موجودہ میری ٹائم خطرات، پاک بحریہ کی میری ٹائم آگہی کے اقدامات، اور ساحلی آبادیوں کی ترقی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : سرحدی بندش اور مالی رکاوٹیں، پاکستانی کینو کاروبار کو دھچکا
پارلیمنٹرینز، سیاستدان، بیوروکریٹس، سینیئر عسکری افسران، میڈیا نمائندگان، انٹرپرینیورز، بزنس لیڈرز اور ماہرین تعلیم پر مشتمل ورکشاپ کے شرکا نے قومی سطح پر بحری آگہی اور پالیسی سازی میں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
یہ گیارہ روزہ ورکشاپ شرکا کی میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق فہم میں اضافہ کرنے کے ساتھ بحرِ ہند کی جیو اسٹریٹیجک اہمیت کو اجاگر کرنے، قومی بحری چیلنجز اور مواقع پر سیر حاصل گفتگو کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔





