وزیر اطلاات عطا تارڑ نے فیلڈ مارشل کی بطور چیف آف ڈیفنس فورس (سی ڈی ایف) تعیناتی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم فیصلے پر غیر ضروری پروپیگنڈا کرنے والے عناصر بری طرح ناکام ہوگئے۔
وزیر اطلاات عطا تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھے بھگوڑوں اور ملک کے اندر موجود چند “بہت سینئر صحافیوں نے مسلسل یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ فوجی قیادت میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور اداروں کے درمیان دراڑیں پڑ رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق، “اللہ کے فضل و کرم سے یہ تمام پروپیگنڈا ناکام ہوا اور حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔
وزیر اطلاات عطا تارڑ نے کہا کہ جن افراد نے غلط اور جھوٹے دعوے کیے، انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے کیونکہ ان کے پھیلائے گئے بیانیے نے عوام میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی۔
اڈیالہ جیل کے باہر صورتحال سے متعلق ترجمان نے واضح کیا کہ جیل کے باہر “ملک دشمنی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی. انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی قواعد کی خلاف ورزی کرے گا، اسے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دسمبر 2030 تک چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات،نوٹیفکیشن جاری
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ زون اب بے شرم زون بن چکا ہے، جہاں ملک دشمن چینلز کو انٹرویوز دیے جاتے ہیں”. ترجمان کے مطابق حکومت ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور ریاست مخالف بیانیے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اطلاات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق ہوگی اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے بیانیے کی ہر سطح پر روک تھام کی جائے گی





