خیبرپختونخوامیں جعلی اور غیر معیاری دودھ تیار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے جعلی مضر صحت اور غیر معیاری دودھ کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مردان اور کوہاٹ میں جعلی و غیر معیاری دودھ تیار کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کی اور ہزاروں لیٹر جعلی اور ناقص دودھ موقع پر تلف کر دیا اور مشینری و خام مال تحویل میں لے لیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مردان فوڈ سیفٹی ٹیم نے مردان کے علاقے ساڑو شاہ، تخت بھائی میں گھر کے اندر قائم جعلی دودھ تیار کرنے والا یونٹ بے نقاب کیا جہاں سے ہزاروں لیٹر تیار شدہ دودھ برآمد ہوا۔

موقع پر دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ جعلی دودھ کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال اور مشینری ضبط کر لی گئی۔ جعلی دودھ مختلف بازاروں کو سپلائی کیا جانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کا کابینہ اجلاس ،اہم فیصلوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسی طرح کوہاٹ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے بازاروں میں دکانوں کی چیکنگ کے دوران متعدد نمونے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے موقع پر جانچے۔

کارروائی کے دوران ایک دودھ کی دوکان اور دودھ ٹینکرگاڑی سے 1000 لیٹر ناقص اور غیر معیاری دودھ برآمد کرکے تلف کیا گیا۔ گاڑی سرکاری تحویل میں لے لی گئی جبکہ متعلقہ دکان کو سیل کر دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ جعلی اور غیر معیاری دودھ بنانے جیسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے انسان دشمن عناصر کی فوری نشاندہی کرکے فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top