پاک فوج نے چمن بارڈر پر افغان طالبان کی بچھائی گئی بارودی سرنگ کا سراغ لگا لیا

چمن: چمن بارڈر سے موصول اطلاعات کے مطابق افغان جانب سے پاکستانی حدود میں خفیہ سرنگ کھود کر بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس زیرِ زمین ٹنل کا سراغ لگا لیا اور اسے قبضے میں لے لیا۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی مزید خطرے سے بچا جا سکے۔

اسی دوران سرحد پر کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ٹی ٹی اے کی جانب سے پاکستانی حدود پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق افغان جانب جانی نقصان ہوا ہے جبکہ متعدد چیک پوسٹس کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع کے مطابق بابِ دوستی کے قریب پاکستانی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں، جس میں بھاری ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹی اے کی جانب سے چمن بارڈر پر بلااشتعال فائرنگ،سیکیورٹی فورسز کا موثر جواب

اس دوران چمن شہر میں گولہ باری اور دھماکوں کی آوازوں سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

سرحدی علاقے میں موجود سیکیورٹی ذرائع نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں سے دور رہیں اور کسی بھی خطرے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ فورسز کو دیں۔

پاک فوج کے مطابق علاقے کی صورتحال مکمل کنٹرول میں لائی جا رہی ہے اور سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top