اعجاز آفریدی
پشاور: سی ٹی ڈی مردان ریجن اور نوشہرہ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے انتخاب عالم گروپ کا اہم دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
یہ کارروائی غائبانہ بابا، تھانہ نظام پور کی حدود میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران انجام دی گئی۔
ہلاک دہشت گرد کی شناخت حماد ظاہر ولد ظاہر بادشاہ سکنہ کاہی نظام پور کے نام سے ہوئی، جو مختلف سنگین جرائم میں مطلوب تھا، جن میں کانسٹیبل مقصود کی ٹارگٹ کلنگ، قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری شامل ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق دہشت گرد نے پولیس پارٹی پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس کے جواب میں فائرنگ کے تبادلے میں وہ مارا گیا۔ اس دوران اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے ٹوئٹ سے حالات مزید پیچیدہ، اب مذاکرات ممکن نہیں، رانا ثنا
پولیس نے موقع سے کلاشنکوف، دو میگزین اور کارتوس برآمد کر لیے، جنہیں مزید تحقیقات کے لیے قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا کہ صوبے میں عوام کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز فعال اور چوکس ہیں۔





