پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تین اہم منصوبوں پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے ملک میں انفراسٹرکچر، شہری ٹرانسپورٹ اور پانی کے وسائل کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے تین اہم ترقیاتی منصوبوں پر معاہدے طے کر دیے ہیں۔

معاہدے کے تحت ایم ایل ون کراچی روہڑی سیکشن کے لیے 10 ملین ڈالر کی ریڈینیس فنانسنگ، جبکہ کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ کے لیے 3.8 ملین ڈالر کی فنانسنگ منظور کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر منصوبے کے لیے 48 ملین ڈالر کی اضافی معاونت بھی دی گئی۔

معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد کریم اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ نے دستخط کیے، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ان کی توثیق کی۔

یہ بھی پڑھیں : 71ء کی جنگ میں دشمن کو دھول چٹانے والے میجر شبیر شریف کا آج 54 واں یوم شہادت

سیکرٹری اقتصادی امور محمد کریم نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان کے اہم ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل ہوں گے اور یہ اقدام ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔

کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے حکومت پاکستان کے مضبوط عزم اور ترقیاتی ترجیحات کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ بینک پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے شہری ٹرانسپورٹ، پانی کے وسائل کے انتظام اور انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری لائیں گے۔

Scroll to Top