دنیا بھر میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد اور ممالک کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں 21,647 پاکستانی شہری قید ہیں۔

ان میں سزا یافتہ افراد کے ساتھ ساتھ وہ شہری بھی شامل ہیں جن کے مقدمات مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔

وزیر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں سب سے زیادہ 10,745 پاکستانی قید ہیں، جن میں کچھ سزا یافتہ ہیں جبکہ زیادہ تر زیرِ سماعت مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں 5,297 پاکستانی شہری قید ہیں، تاہم وہاں جرائم کی نوعیت کے متعلق تفصیلات دستیاب نہیں ہو سکیں۔ بھارت میں 738 پاکستانی قید ہیں، مگر بھارتی حکام نے تفصیلی معلومات فراہم نہیں کیں۔

چین میں 652 پاکستانی شہری منشیات اسمگلنگ اور جعلی کرنسی کے مقدمات میں گرفتار ہیں، جبکہ قطر میں 599، عمان میں 578، ملیشیا میں 444 اور اٹلی میں 353 پاکستانی مختلف جرائم میں قید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تین اہم منصوبوں پر دستخط

مزید برآں بحرین میں 218، ترکیہ میں 190 اور امریکہ میں 141 پاکستانی شہری مختلف مقدمات میں سزا بھگت رہے ہیں۔ افغانستان کی جیلوں میں بھی 91 پاکستانی قید ہیں۔

تحریری جواب کے مطابق دنیا بھر میں قید پاکستانیوں میں سے 13,078 افراد کے مقدمات زیرِ سماعت ہیں جبکہ 8,569 پاکستانی سزا یافتہ قرار پائے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرونِ ملک گرفتار پاکستانیوں کو قونصلر رسائی اور قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کے حقوق محفوظ رہیں۔

Scroll to Top