عمران خان سے ملاقات کرنے والے باہر آکر ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جب تک پی ٹی آئی اپنا ریاست مخالف بیانیہ ترک نہیں کرتی تب تک ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاکہ ملاقاتوں کا مطلب حال احوال پوچھنا اور کیسز کے حوالے سے قانونی معاملات ڈسکس کرنا ہوتا ہے، جو یہ نہیں کرتے،اب جو بھی جیل کے باہر مجمع لگانے آئے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائےگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بالکل درست باتیں کیں، ہم ان کی توثیق کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بائنانس سینئر لیڈرشپ کا پاکستان کا دورہ، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اگر اڈیالہ جیل آئے تو ان کو پہلے ناکے سے ہی واپس جانے کا کہا جائےگا، وہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا، اگر وقت کے ساتھ پی ٹی آئی کے رویے میں بہتری آئی تو عمران خان سے ملاقاتیں ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جب تک پی ٹی آئی اپنا ریاست مخالف بیانیہ ترک نہیں کرتی تب تک ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کل پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں نے بیرون ملک جانے کی کوشش کی، جن کے نام نو فلائی لسٹ میں تھے۔

Scroll to Top