پی ٹی آئی کے جارحانہ پارلیمانی رویے پر کڑی کارروائی، ایوان میں بدتمیزی کرنے والے اراکین کی رکنیت معطل ہوگی
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی محاذ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غیرسیاسی اور جارحانہ حکمت عملی کو روکنے کے لیے سینیٹ نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایوان میں دی گئی نئی رولنگ کے مطابق، اگر کوئی رکن ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر کرے، ڈائس کا گھیراؤ کرے، گالم گلوچ کرے یا بانی پی ٹی آئی کی تصاویر ایوان میں لائے، تو اس کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ ایوان کی رائے اور وقار کو برقرار رکھنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔ رولنگ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سیدال خان پیر یا منگل کو پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر کو خط لکھیں گے۔ اس خط میں پی ٹی آئی کو ایوان میں دی گئی رولنگ پر عمل کرنے کی ہدایت دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایوان میں نظم و ضبط قائم رہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کے کچھ اراکین نے پارلیمانی ماحول کو غیر ضروری طور پر خراب کرنے کی کوششیں کیں، جس پر دیگر سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس فیصلے کا مقصد ایوان میں شفاف اور تعمیری مباحث کو یقینی بنانا ہے اور کسی بھی غیر قانونی یا جارحانہ رویے کو روکنا ہے۔





