وزیراعظم کی جاتی عمرہ آمد! شہباز شریف کی نواز شریف اور مریم نواز سے ملکی سیاسی صورتحال، معاشی چیلنجز اور حکومتی کارکردگی پر اہم مشاورت
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز جاتی عمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور معیشت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی قائد کو وفاقی حکومت کی اب تک کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی اصلاحات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر ملکی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی
نواز شریف نے وزیراعظم اور حکومتی ٹیم کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں آئندہ بجٹ، عوامی ریلیف اقدامات اور سیاسی رابطہ مہم پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جاری ترقیاتی پروگرام، سرمایہ کاری کے مواقع اور گورننس سے متعلق اقدامات پر اپنی رپورٹس بھی پیش کیں۔
رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات کو موجودہ سیاسی ماحول میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس کے دور رس اثرات متوقع ہیں۔





