حادثات سے بچاؤ کے لیے موٹروے پولیس کی ٹریول ایڈوائزری، دھند میں ہائی بیم سے گریز اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے پیش نظر شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے دوران حد نگاہ متاثر ہونے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، اور ضرورت پڑنے پر موٹروے کو عارضی طور پر بند بھی کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ صبح 10 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان سفر مکمل کریں اور رات کے وقت غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑی میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی ہونا چاہیے، وائپرز درست حالت میں رکھیں اور اگلی گاڑی سے فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس نے واضح کیا کہ دھند میں ہائی بیم کا استعمال ہرگز نہ کریں کیونکہ اس سے حدِ نگاہ مزید کم ہو جاتی ہے اور حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
سفر شروع کرنے سے قبل شہری روڈ اپڈیٹس کے لیے ہیلپ لائن 130، موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا ہینڈلزnhmp، یا ریڈیو ایف ایم 95 سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ موٹروے پولیس عوام کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت کوشاں ہے اور آپ کی حفاظت ان کے لیے اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ دھند کے موسم میں سفر بلاخطر اور محفوظ رہے۔





