خیبرپختونخوا کے عوام نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں ملک دشمن عناصر اور فوج کے خلاف زہریلا بیانیہ بنانے والوں کے خلاف واضح مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے عوام کا کہنا ہے کہ ملک اور فوج کے خلاف باتیں کرنے والے افراد جانوروں سے بھی بدتر اور ملک کے غدار ہیں۔
عوام نے کہا ہے کہ شہیدوں کا مذاق اڑانے، جعلی تصاویر بنا کر بے ہودہ باتیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے کسی اضافی قانون یا دلیل کی ضرورت نہیں، ملک دشمن عناصر کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔
خیبرپختونخوا کے عوام نے کہا کہ پاک فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے اور اس کا سر فخر سے بلند رہنا پاکستان کی عزت میں اضافہ کرتا ہے۔
عوام نے نشاندہی کی کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے فوج کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں جو ملک اور قوم کے لیے نقصان دہ ہے۔
عوام نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج کی عسکری قیادت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں پاکستان کی عزت اور وقار بڑھا ہے اور مخصوص عناصر کا پروپیگنڈا عالمی میڈیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے عوام کا ڈی جی آئی ایس پی آر کے مؤقف کی حمایت کرنا، عوام اور پاک فوج کے درمیان باہمی اعتماد کا مظہر ہے اور یہ ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈا کو ناکام بنانے کا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارڈر مینجمنٹ پر سکیورٹی اداروں کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
یاد رہے جمعہ کے روز راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ پاک فوج لسانیت یا کسی سیاسی سوچ کی نمائندگی نہیں کرتی، ہم تمام سیاسی جماعتوں کی عزت کرتے ہیں، آپ اپنی سیاست کو فوج سے الگ رکھیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ پاک فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی، ہم پاکستان کی آرمڈ فورسز ہیں، ہم کسی مذہبی جھکاؤ، سیاسی سوچ، مکتبہ فکر کی نمائندگی نہیں کرتے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جو اپنی فوج اور فوجی قیادت پر حملہ کرتا ہے تو کیا وہ دوسری فوج کے حملے کے لیے جگہ بنانا چاہتا ہے؟ جو اپنی فوج یا اسکی لیڈرشپ پر حملہ کرتا ہے تو کیا وہ کسی اور فوج کے لیے جگہ پیدا کرنا چاہتا ہے۔





