پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے اشتعال انگیز بیانات سختی سے مسترد کر دیے

پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرا بی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے ریاستی ادارے ملکی سلامتی کے ستون ہیں۔

طاہر اندرابی نے مئی 2025 کے تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بخوبی ثابت کیا ہے۔

Image

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارتی پروپیگنڈا پاکستان کی حقیقت کو نہیں جھٹلا سکتا اور بھارت اپنی ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں جاری دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کی توجہ چھپانے کے لیے پاکستان کے اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

طاہر اندرا بی نے کہا کہ بھارتی قیادت کا اشتعال انگیز رویہ خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے اور پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے بھارت کو اپنے انتہاپسند ہندوتوا نظریے کی تحقیقات کرنی چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوتوا نظریے کے تحت بھارت میں ماورائے عدالت قتل، جبر اور املاک کی مسماری جاری ہے اور بھارتی ریاست خود مذہبی انتہا پسندی کی یرغمال بن چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے اشتعال انگیز بیانات پر تشویش، نیا ڈرامہ کیا تو پاکستان کا ردعمل تباہ کن ہوگا،آئی ایس پی آر

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور اپنے مفادات و خودمختاری کے دفاع کے لیے متحد اور پرعزم ہے۔

Scroll to Top