وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی اور 10 مئی کو بھارت کو تاریخی شکست ہوئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اپنے حلقے این اے 127 لاہور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کو اور 10 مئی کو بھارت کو تاریخی شکست ہوئی۔
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پاکستان کے مفاد کے بجائے ذاتی اور سیاسی مفاد کو مقدم رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں پر حملے ہوئے جن میں بعض حملوں میں پی ٹی آئی بانی کی بہنیں بھی شامل تھیں اور ان کے انٹرویوز پاکستان کے خلاف جاری رہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی پر الزام لگایا کہ بانی نے 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکا ڈالا اور پارٹی نے خیبرپختونخوا میں پچھلے 12 سال میں صوبے کو کھنڈر بنا دیا نہ کوئی سکول بنا نہ کوئی یونیورسٹی، جبکہ مسلم لیگ ن نے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا اور ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف کی تختی موجود ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی اور عوامی فلاح ہماری اولین ترجیح ہے، اور سیاست میں شائستگی کو فروغ دینا ضروری ہے، نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا وقت کی ضرورت ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر فوج اور قومی قیادت کے خلاف بیانات پر شدید ردعمل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کے خلاف باتیں افسوسناک ہیں اور پاکستان کے مفاد کو ذاتی انا یا سیاسی فائدے کے لیے قربان نہیں کرنا چاہیے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اداروں کے خلاف پروپیگنڈا روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، اور پاک فوج نے ملکی دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں، ایکس سروس مین سوسائٹی
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جائیں گے اور حلقے میں بنیادی سہولتوں کے منصوبے جاری ہیں۔





