وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے لیے 100 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جس میں 5 ہزار بیڈز کے میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں گورننس کا فقدان ہے تاہم عوام نے مسلسل تیسری بار عمران خان پر اعتماد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے 5,300 ارب روپے کے مالی گھپلوں کی نشاندہی کی ہے جو عوام کا پیسہ تھا اور ملک پر قابض عناصر نے ہڑپ کیا۔
وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ یہ عوامی پیسہ بچایا جائے گا اور صرف تنقید نہیں بلکہ مسائل کے حل بھی پیش کیے جائیں گے۔
جلسے کے دوران سہیل آفریدی نے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں تاریخی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پالیسی عوام کی رائے کے مطابق بنے گی یہاں ہر کسی کی الگ رائے سے فیصلے نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مائنس ون پر نہیں آئی تو پوری پارٹی مائنس ہو گی، فیصل واوڈا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ عوام، سیاستدان اور مشران کے ساتھ مشاورت کے بعد پالیسی مرتب کی جائے گی اور اگر یہ نہ چل سکی تو پھر اس کا واضح اظہار کیا جائے گا۔





