پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آج 8 دسمبر کو مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔
متاثرہ علاقوں میں تمام بازار، مارکیٹس اور تجارتی مراکز بند رہیں گے تاکہ عوام کی حفاظت اور امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
کرفیو کے دوران وانا کے راستے پر داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا۔ صرف ایمرجنسی کی صورت میں پولیس یا سکیورٹی فورسز کی اجازت کے ساتھ، شناختی کارڈ اور ضروری کاغذات جمع کروانے کے بعد سفر کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا پشاور کے لیے 100 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج کا اعلان
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ یہ اقدام علاقے میں امن و امان قائم رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے کیا جا رہا ہے۔





