جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر آج پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد: جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو آج پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، جن کے ہمراہ اہم وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی آئے گا۔

یہ دورہ اس لحاظ سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ اس سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر پرابووو اپنے دو روزہ قیام کے دوران وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور صدر آصف علی زرداری، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر جامع تبادلۂ خیال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی قیادت کے لیے مشکلات، گورنر راج کے بعد ان ہاؤس تبدیلی ممکن، شیر افضل مروت

اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات بھی زیرِ غور آئیں گے۔

صدر پرابووو سوبیانتو کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے، جس سے دوطرفہ تعلقات کو نئے عروج تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

یہ دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top