معروف کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

ڈھاکا: سابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے حیران کن طور پر ایک سال بعد ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اب تینوں فارمیٹس میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔

کرک انفو کے مطابق شکیب نے یہ اعلان بیئرڈ بِفور وکٹ پوڈکاسٹ میں کیا، جس میں انگلش آل راؤنڈر معین علی بھی موجود تھے۔

شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ وہ باضابطہ طور پر کسی فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہوئے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ وطن واپسی پر ایک مکمل ہوم سیریز کھیلیں اور باعزت انداز میں کرکٹ سے رخصت ہوں۔

شکیب نے کہا میری خواہش ہے کہ ایک ہی سیریز میں ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ کھیل کر ریٹائر ہو جاؤں۔ چاہے ترتیب کچھ بھی ہو، لیکن شائقین کے سامنے آخری مرتبہ کھیل کر انہیں الوداع کہنا چاہتا ہوں۔

سابق کپتان مئی 2024 کے بعد وطن واپس نہیں آئے تھے۔ 5 اگست کو سیاسی کشیدگی کے دوران ان کا نام ایک ایف آئی آر میں شامل ہوا، جس کے بعد وہ بیرونِ ملک رہے، تاہم پاکستان اور بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیا۔ بھارت کے شہر کانپور میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ ان کا آخری انٹرنیشنل میچ رہا۔

پوڈکاسٹ میں شکیب نے وطن واپسی کے لیے امید ظاہر کی اور کہا کہ وہ دنیا بھر کی لیگز کھیل رہے ہیں تاکہ کھیل میں واپسی کی راہ ہموار ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے کچھ عناصر بھارتی میڈیا کی زبان بول رہے ہیں، رانا ثنااللہ

گذشتہ سال جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے قبل انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، جبکہ اپنے آخری ٹیسٹ کی خواہش بھی ظاہر کی تھی، مگر ڈھاکا میں احتجاجی صورتحال کی وجہ سے انہیں سیریز سے ڈراپ کر دیا گیا۔

شکیب نے اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے کہا کہ وہ کرکٹ میں اپنا حصہ ڈال چکے ہیں اور اب سیاست میں عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

میری نیت بنگلہ دیش کے عوام اور اپنے علاقے ماغورا کے لوگوں کے لیے کچھ کرنے کی ہے۔ دیکھتے ہیں اللہ کہاں لے کر جاتا ہے۔

Scroll to Top