بجلی بحالی میں تاخیر کا سنگین نوٹس، نیپرا کا سخت فیصلہ سامنے آگیا

اسلام آباد: چار سال قبل ملک میں ہونے والے بڑے بلیک آؤٹ کے بعد بروقت بجلی بحالی میں ناکامی کے معاملے کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نمٹا دیا ہے۔

نیپرا نے نیشنل گرڈ کمپنی اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کو بجلی بحالی میں غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دونوں اداروں پر 2.5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

نیپرا کے فیصلے کے مطابق 9 جنوری 2021 کو پورے ملک میں تقریباً 20 گھنٹے طویل بلیک آؤٹ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اور اس کے بعد بجلی کی بروقت بحالی میں مکمل ناکامی ہوئی۔

اتھارٹی نے بتایا کہ نہ صرف 2021 بلکہ 2022 اور 2023 میں بھی متعدد بڑے بلیک آؤٹ کے واقعات پیش آئے، جن میں دونوں ادارے بروقت بجلی بحال کرنے میں ناکام رہے۔

نیپرا نے مزید کہا کہ بلیک آؤٹ کے فوری بعد ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، لیکن نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے دونوں اپنے مؤقف سے اتھارٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں : معروف کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں اداروں نے اپنی کوتاہی قبول کرنے کے بجائے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی کوشش کی، جس پر سخت نوٹس لیا گیا۔

نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ عائد کردہ جرمانہ 15 روز کے اندر جمع کرایا جائے، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Scroll to Top