شدید دھند کے باعث موٹروے کے دو سیکشنز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

ملک بھر میں شدید دھند کے اثرات کے باعث اہم شاہراہیں متاثر ہو گئی ہیں اور عوام کی حفاظت کے پیش نظر موٹروے کے دو اہم سیکشنز ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر تک موٹروے ایم-5 اور موٹروے ایم-1 پشاور سے رشکئ تک شدید دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند رہیں۔ تاہم، رشکئ سے برہان تک ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ بعد ازاں حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے ایم-1 پشاور سے اسلام آباد تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہوں پر بھی بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور کے علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری ہے، جس سے حدِ نگاہ شدید متاثر ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاطی اقدامات اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔ ڈرائیور حضرات کو مشورہ دیا گیا ہے کہ:

لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں
فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں
تیز رفتاری سے گریز کریں
آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں
شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دن کے محفوظ اوقات (صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک) میں سفر کو ترجیح دیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ مزید رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ یہ اقدامات عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہیں، کیونکہ دھند کے دوران حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور حد نگاہ متاثر ہونے سے ٹریفک حادثات کا امکان نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔

Scroll to Top