وسائل کی کمی امن کے قیام میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی اصلاحات اور توسیعی منصوبوں کا اعلان
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام میں وسائل کی کمی ہرگز رکاوٹ نہیں بننے دی جائے گی۔ یہ اعلان انہوں نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، جس میں سی ٹی ڈی کی کارکردگی اور اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ٹی ڈی کے 186 ڈیٹیکٹیوز کو 638 مستقل فیلڈ آپریٹرز میں تبدیل کیا جائے گا، جو کہ سائبر پیٹرولنگ، انٹیلیجنس، سرویلنس اور فیلڈ آپریشنز میں فعال کردار ادا کریں گے۔ اس ضمن میں ضلعی سطح پر سی ٹی ڈی کی توسیع کے لیے 4 ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پشاور میں نئے سی ٹی ڈی ریجنل ہیڈکوارٹرز کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی اور صوبے کے 21 اضلاع میں سی ٹی ڈی دفاتر کی تعمیر کے منجمد ترقیاتی منصوبے کو دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں، سی ٹی ڈی کی گاڑیوں، جدید اسلحہ اور آلات کی فراہمی کے لیے 7 ارب 77 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ سی ٹی ڈی اصلاحات، انفراسٹرکچر اور بھرتیوں پر عملدرآمد کے لیے ٹائم لائنز کے مطابق اقدامات کیے جائیں اور تمام تعمیراتی منصوبوں میں سیفٹی پروٹوکولز کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام میں مکمل سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا’’وسائل کی کمی کو صوبے میں امن کے قیام میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔‘‘
یہ اجلاس صوبے میں امن، دہشت گردی کے خاتمے اور سی ٹی ڈی کے مؤثر کردار کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





