پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان 7 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے 7 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر ابوووسو بیانتو نے شرکت کی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، کاروبار، صحت، حلال تجارت، منشیات کی روک تھام، تاریخی دستاویزات کی حفاظت اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں معاہدے کے تحت پاکستانی طلبا کے لیے انڈونیشیا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس میں انڈونیشیا ایڈ اسکالر شپ پروگرام کا حصہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کی ترقی کے لیے بھی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تاریخی دستاویزات اور ریکارڈ کی حفاظت کے لیے مفاہمتی یادداشت کے تبادلے سے دونوں ممالک کے ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام اور صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
حلال تجارت اور سرٹیفکیشن کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
ان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے سے پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات میں نئی جان آئے گی اور تجارتی، تعلیمی، صحت اور دیگر شعبوں میں باہمی استفادے کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔





