پمزہسپتال کے 5 ڈاکٹرز پرمشتمل ٹیم کا دورہ اڈیالہ جیل، بانی پی ٹی آئی عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے پانچ رکنی ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اور بانی پی ٹی آئی کی صحت کا جامع جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق، پمز کی ٹیم نے سخت سکیورٹی کے درمیان دوپہر کے وقت جیل کا دورہ کیا، جہاں جیل انتظامیہ نے ڈاکٹرز کو بریفنگ دی اور معائنہ کے لیے تمام انتظامات فراہم کیے۔ ٹیم نے تقریباً ایک گھنٹہ جیل میں قیام کیا اور عمران خان کی مجموعی صحت، میڈیکل ہسٹری، موجودہ علامات اور پچھلے علاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پمز ٹیم میں سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر کے علاوہ جنرل فزیشن ڈاکٹر علی عارف، جنرل سرجن ڈاکٹر طارق عبداللہ، ماہرِ پیتھالوجی ڈاکٹر سمن وقار، ماہرِ جلد (ڈرمٹولوجسٹ) ڈاکٹر مبشر اور لیب ٹیکنیشن نعمان اقبال شامل تھے۔ ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر، شوگر لیول، وزن، پھیپھڑوں، جوڑوں، جلد اور مجموعی فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعدد لیبارٹری ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
جیل ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پمز کی ٹیم اپنی تفصیلی رپورٹ مرتب کر رہی ہے، جس میں عمران خان کی صحت سے متعلق مکمل میڈیکل اسٹیٹس، ممکنہ علاج یا مزید ٹیسٹ کی سفارشات اور جیل میں فراہم کیے جانے والے میڈیکل انتظامات کی رہنمائی شامل ہوگی۔ رپورٹ چند دنوں میں اڈیالہ جیل حکام کو بھیج دی جائے گی، جو اسے متعلقہ سرکاری اداروں تک پہنچائیں گے۔
ذرائع کے مطابق، اڈیالہ جیل نے پمز اسپتال کو بانی پی ٹی آئی کے “مکمل طبی معائنے” کی درخواست چند روز قبل ارسال کی تھی، تاکہ عمران خان کی صحت کی صورتحال کا درست اور جامع جائزہ لیا جا سکے۔ معائنہ مکمل ہونے کے بعد پمز کی ٹیم جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔
پمز کے ذرائع نے بتایا کہ تمام ڈاکٹرز نے معائنہ میں مکمل وقت دیا اور رپورٹ زیادہ سے زیادہ جامع اور غیر جانبدار بنانے کی کوشش کی گئی تاکہ صحت کے حوالے سے کسی قسم کی تشویش کا ازالہ ہو سکے۔





