برطانیہ نے معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کو ڈی پورٹ کر دیا

لندن:برطانیہ نےمعروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک سے ڈی پورٹ کر دیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق رجب بٹ منگل کی صبح خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق رجب بٹ کا برطانوی ویزا جو 2027 تک مؤثر تھا، اس وقت منسوخ کیا گیا جب برطانوی حکام نے ان کی ویزا اپلیکیشن میں سنگین غلط بیانی کا انکشاف کیا۔

تفتیش میں سامنے آیا کہ بٹ نے پاکستان میں اپنے خلاف زیرِ التوا مقدمات کو چھپایا تھا جسے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئےہوم آفس نے فوری طور پر ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے۔

یہ پیش رفت اس تحقیقات کے بعد سامنے آئی جو چند روز قبل اُس وقت شروع ہوئیں جب برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی 16نے رجب بٹ اور یوٹیوبر ندیم نانی والا کو نامعلوم ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر حراست میں لیا تھا جن میں دہشت گردی سے متعلق الزامات شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کو بعد ازاں ان الزامات سے کلیئر قرار دے دیا گیا۔چونکہ ندیم نانی والا برطانوی شہری ہیں، اس لیے انہیں رہا کر دیا گیا جبکہ رجب بٹ کے سفری دستاویزات مزید جانچ پڑتال کے لیےہوم آفس کو بھیجے گئے۔

اسی دوران حکام نے بٹ کے خلاف پاکستان میں جاری مقدمات کی تفصیلات حاصل کیں، جو پہلے ہی پاکستانی اداروں کی جانب سے فراہم کی جا چکی تھیں۔

حکام نے رجب بٹ کو ایک سرکاری نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی۔

رجب بٹ کے ایک قریبی ساتھی نے ملک بدری کی تصدیق کی جبکہ ندیم نانی والا نے بھی یہ بتاتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ بٹ کے ساتھ پاکستان واپس آ رہے ہیں۔

برطانوی حکومت کے مطابق رجب بٹ کی بے دخلی امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی اور ویزا شرائط پوری نہ کرنے پر عمل میں لائی گئی۔

Scroll to Top