عمران خان اور بہنوں کے متنازع بیانات پارٹی مؤقف نہیں، ذاتی رائے ہیں،سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی بہنوں کے حالیہ متنازع بیانات پارٹی کے سرکاری موقف کی نمائندگی نہیں کرتے، بلکہ یہ ان کی ذاتی رائے ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ پہلے منگل کے روز عمران خان سے باقاعدہ ملاقاتیں ہوا کرتی تھیں، جن میں چند گھنٹوں میں تمام معاملات طے پا جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا مطلب درخواستیں کرنا نہیں، اور خان صاحب کسی اضافی رعایت کے خواہاں نہیں ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا قانونی حق ہے کہ ان کے بیٹے اور بیٹیاں ان سے ملاقات کریں، اور زیر سماعت مقدمات کے باوجود والد سے ملاقات روکنا قانونی یا اخلاقی اصولوں کے مطابق نہیں ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ملاقاتیں محدود کرنے کی ذمہ داری ریاست کے چند مخصوص حلقوں پر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے اپریل میں یہ فیصلہ کیا تھا، اور موجودہ صورتحال میں کچھ ملاقاتیوں کو مرضی کے مطابق اندر آنے دیا جا رہا ہے جبکہ باقی روک دیے گئے ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ لوگ یکجہتی کے لیے آتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو تنہا چھوڑنا ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : رواں سال کی آخری پولیو مہم: 15 دسمبر سے ملک بھر میں قطرے پلائے جائیں گے

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ لاکھوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پارٹی کے اختیار میں نہیں، اس لیے ان کے بیانات کو پارٹی کے موقف کے طور پر نہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی سینسر بورڈ نہیں، اور جو کچھ عمران خان کہتے ہیں، وہی بالکل ویسا ہی میڈیا اور عوام تک پہنچایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ آج بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی کی ملاقات نہیں ہو سکی، جس کے خلاف ان کی بہنوں اور پارٹی کارکنوں نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے رکھا ہے۔

Scroll to Top