مذاکرات کی تمام کھڑکیاں بند ہو گئیں، تحریک انصاف بند گلی میں پھنس گئی ہے، اختیار ولی خان

مذاکرات کی تمام کھڑکیاں بند ہو گئیں، تحریک انصاف بند گلی میں پھنس گئی ہے، اختیار ولی خان

وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ غداری مقدمہ، گورنر راج اور سیاسی تناؤ، تحریک انصاف کے لیے راستے بند ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لیے مذاکرات کے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں اور جماعت اب ’’بند گلی‘‘ میں پہنچ چکی ہے۔اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف غداری کا مقدمہ بننے کے تمام قانونی پہلو موجود ہیں، جبکہ گورنر راج کے نفاذ اور وزیراعلیٰ کی نااہلی کے لیے بھی جواز موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے خود کو ایسی سیاسی صورتحال میں دھکیل دیا ہے جہاں مذاکرات کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ہمیشہ مکالمے کا راستہ اپنانے کی کوشش کی، مگر پی ٹی آئی نے سیاسی استحکام کے بجائے محاذ آرائی کو ترجیح دی، جس کے نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فیصل چوہدری نے حکومتی مؤقف اور اختیار ولی خان کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی حکمت عملی ازسرنو بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا صورتحال کو بہتر بنانے کے بجائے خود ’’جلتی پر تیل‘‘ ڈال رہے ہیں، جس کی وجہ سے کشیدگی کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کا رویہ آمرانہ اور دباؤ پر مبنی ہے، لہٰذا مفاہمت کے ماحول کے بجائے سیاسی محاذ آرائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک میں جاری سیاسی صورتحال ایک بار پھر شدید تناؤ کی جانب بڑھ رہی ہے، اور حکومتی و اپوزیشن بیانات کے بعد یہ واضح ہے کہ موجودہ ماحول میں مذاکرات کا امکان نہایت کم دکھائی دیتا ہے۔

Scroll to Top