پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم کا آغاز، اب گاڑی کے نمبر شہری کی ملکیت، رجسٹریشن تیز و شفاف، جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے نئے پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے تحت اب گاڑی کا نمبر گاڑی کے بجائے شہری کی ملکیت ہوگا۔ یہ اقدام نہ صرف رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور شفاف بنائے گا بلکہ جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ جیسے مسائل کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نئے سسٹم کے تحت شہری اپنا نمبر تین سال تک بغیر کسی گاڑی پر لگائے محفوظ رکھ سکیں گے۔ اگر گاڑی فروخت ہو جائے تو نمبر بغیر کسی اضافی فیس کے فروخت کنندہ کے پاس برقرار رہے گا، اور خریدار نئے نمبر کے لیے خود درخواست دے گا، بالکل اسی طرح جیسے شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کے لیے ہوتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ نیا ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا اور ہمارا مقصد عوام کو آسانیاں اور ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن سسٹم بھی بنایا جائے تاکہ عوام کو مزید سہولت ملے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے محکمہ ایکسائز کی منشیات کے خلاف کارروائیوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام جلد منشیات سے پاک خیبرپختونخوا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا’’منشیات کے بڑے کاروباریوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا اور اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔‘‘
وزیراعلیٰ کے مطابق یہ اقدامات صوبے میں شفافیت، عوامی سہولت اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط کرنے کی سمت میں اہم قدم ہیں۔





