شاہد جان
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وزیراعظم کےکوآرڈینیٹر اختیار ولی کی پی ٹی آئی مخالف پریس کانفرنس پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولے نے ایک ہارے ہوئے شخص کو پی ٹی آئی پر الزام تراشی کے لیے بھرتی کیا ہے۔
انہوں نے اختیار ولی کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ ایک منتخب وزیر اعلیٰ کے خلاف پراپیگنڈہ کرتے ہیں اور ان کی جماعت انتشاری ذہنیت کی حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عدالت نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ جاری کر دیے
شفیع جان نے کہا کہ جعلی کوآرڈینیٹر کو نوشہرہ کے عوام نے مسترد کر کے اس کی اصل سیاسی حیثیت یاد دلا دی،جعلی کوآرڈینیٹر امیر مقام کا غصہ پی ٹی آئی پر الزام تراشیوں کی صورت میں نکال رہا ہے۔
معاون خصوصی نے مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غلط پالیسیاں ملک کو شدید معاشی عدم استحکام سے دوچار کر رہی ہیں اور ان کی توجہ عوام کی فلاح اور معیشت کے بجائے اپنی کرپشن چھپانے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام باشعور ہیں اور روزانہ جھوٹی اور من گھڑت پریس کانفرنسوں سے قوم کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔
شفیع جان نے بانی چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر قابض سیاسی ٹولے نے پی ٹی آئی کے خلاف ظلم، جبر اور فسطائیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
شفیع جان نے کہاکہ گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے باہر شدید سردی میں علیمہ خان، کارکنان اور پارلیمنٹرینز پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیالیکن مسلم لیگ ن کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پارٹی کے کارکنان ڈرنے والے نہیں ہیں۔





