فیس ادائیگی اور فارم کی تصدیق ، نادرا نے شہریوں کیلئے آسانی پیدا کردی

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں درخواستوں کیلیے فیس کی ادائیگی کے مختلف طریقے ہیں۔

ترجمان نادرا کے مطابق شہری متعلقہ نادرا دفتر میں کیش جمع کروا سکتے ہیں جبکہ آن لائن بیکنگ جیسے کہ ایزی پیسہ، جیزکیش یا ای سہولت کے ذریعے بھی فیس ادا کر سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ درخواست جمع کرواتے وقت نادرا اسٹاف سے RAAST QR Code لیں اسے اپنی بینکنگ ایپ پر سکین کریں اور کسی اضافی چارجز کے بغیر آن لائن فیس جمع کروائیں۔

نادرا کے مطابق یہ تمام آپشن ملک بھر میں دستیاب ہیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں اپنے موبائل سے 1777 پر کال کریں یا نادرا کی کمپلینٹ پورٹل complaints.nadra.gov.pk پر شکایت درج کروائیں۔

اس کے علاوہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا استعمال کرتے ہوئے بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شناختی کارڈ پر پتہ تبدیلی مزید آسان، نادرا نے اہم ہدایات جاری کر دیں

دریں اثنا نادرا میں درخواست فارم کی تصدیق یعنی Attestation کا عمل انتہائی ضروری ہے۔ درخواست فارم کی تصدیق کے دو طریقے ہیں

درخواست گزار کے والد، والدہ، بہن، بھائی، بیٹا، بیٹی یا شریکِ حیات (جن کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہو) میں سے کسی ایک کی بائیو میٹرک کروانے پر مزید تصدیق (Attestation) کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ گزیٹڈ آفیسر یا عوامی نمائندے سے درخواست فارم کی تصدیق (Attestation) کروائی جائے، تصدیق کرنے والے افراد تسلی کر لیں کہ تصدیق کروانے والے کے پاس درست اور اصل شناختی دستاویزات موجود ہیں اور نادرا درخواست فارم میں درج معلومات درست ہیں۔

درخواست فارم تصدیق کروانے والے افراد صرف مجاز افراد سے تصدیق کروائیں اور جعلی تصدیق کا طریقہ ہرگز نہ اپنائیں۔

نادرا آرڈیننس 2000 کے سیکشن 30 (2) کے تحت جعلی یا غلط تصدیق پر چھ ماہ تک قید یا پچاس ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top