مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اگر پنجاب خوشحال صوبہ ہے تو 51 لاکھ خاندان بے نظیر انکم سپورٹ سے کیوں مستفید؟
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے پاکستان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز کی تقسیم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پاکستان کا سب سے زیادہ غریب اور مستحق افراد کا صوبہ ہے۔
مزمل اسلم نے بتایا کہ پنجاب میں 51 لاکھ خواتین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں، جب کہ دوسرے نمبر پر سندھ کے 26 لاکھ خواتین فنڈز حاصل کر رہی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 22 لاکھ خواتین اور بلوچستان میں 4 لاکھ 85 ہزار خواتین بینظیر انکم سپورٹ کے حق دار ہیں۔ اسلام آباد میں بھی تقریباً 21 ہزار خواتین یہ سہولت حاصل کر رہی ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا’’اگر پنجاب واقعی اتنا خوشحال صوبہ ہے تو 51 لاکھ غریب خاندان کیوں ہیں؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں غربت کو سمجھنا آسان ہے کیونکہ پچھلے 20 سالوں سے یہ علاقہ آپریشنز اور دہشت گردی کی زد میں رہا ہے، لیکن پنجاب کو این ایف سی کے تحت 52 فیصد وسائل بھی دیے جاتے ہیں، اس کے باوجود اتنی زیادہ غربت ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
مزمل اسلم کے مطابق، یہ اعداد و شمار ملک میں وسائل کی منصفانہ تقسیم، پالیسیوں کی تاثیر اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں پر سوال اٹھاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس جانب سنجیدہ رہ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کے سبھی صوبوں میں غربت اور معاشی عدم توازن کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔





