جرمنی جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے بڑی خوشخبری

جرمن قونصل خانے نے اعلان کیا ہے کہ جرمنی میں ملازمت یا تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے تمام ویزا کیٹگریز اب مکمل طور پر کونسلر سروس پورٹل کے ذریعے نمٹائی جائیں گی۔

قونصل خانے کے مطابق اس نظام کی منتقلی کا مقصد ویزا درخواستوں کے عمل کو زیادہ تیز، شفاف اور مؤثر بنانا ہے تاکہ درخواست دہندگان کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔

جرمن قونصلیٹ کا کہنا ہے کہ نئے طریقہ کار سے پروسیسنگ میں تاخیر کم ہوگی اور ویزا کی دستیابی بھی بہتر ہو گی۔ پہلے اپائنٹمنٹ لینے اور طویل انتظار کی فہرستوں کے باعث درخواست دہندگان کو مشکلات درپیش تھیں، تاہم نئے پورٹل کے اجرا کے بعد درخواستیں براہِ راست آن لائن جمع کی جا سکیں گی، جس سے پورا عمل زیادہ منظم ہو جائے گا۔

قونصل خانے کے مطابق پرانی تمام ویٹنگ لسٹیں بند کر دی گئی ہیں اور جلد مکمل طور پر ختم کر دی جائیں گی۔ وہ افراد جنہیں پہلے ہی اپائنٹمنٹ مل چکی ہے، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا عمل پرانے نظام کے مطابق ہی مکمل کریں تاکہ ان کی پیش رفت متاثر نہ ہو۔

جرمنی کے ویزا کے خواہشمند تمام نئے درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں کونسلر سروسز پورٹل کے ذریعے جمع کروائیں۔ آن لائن فارم جمع کرانے کا عمل 12 دسمبر 2025 سے شروع ہوگا۔

تعلیمی ویزا کے خواہشمند افراد اپنی درخواستیں *digital.diplo.de/studium* پر جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ ملازمت، ٹریننگ، جاب سیکر اور دیگر طویل المدتی ویزوں کے لیے *digital.diplo.de/visa-ewt* کے ذریعے درخواست دی جا سکے گی۔

Scroll to Top