راولپنڈی: پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) 28 نومبر سے 14 دسمبر 2025 تک مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق Warrior-IX کر رہے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
11 دسمبر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر (NCTC) میں معزز مہمانوں کے دن (DVD) کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں چین کے سفیر محترم جناب جیانگ زیڈونگ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
اس موقع پر چین کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مہمانوں کا استقبال کیا۔
تقریب کے دوران معزز مہمانوں کو مشترکہ مشق کے دائرہ کار، مقاصد اور انعقاد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
شرکاء نے انسداد دہشت گردی کی مختلف مشقوں کا مشاہدہ کیا اور دونوں ممالک کے فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل قابلیت اور حوصلے کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : فیض حمید کی سزا صرف ابتدا ہے، 9 مئی کے کیسز بھی زیرِ سماعت ہیں، فیصل واوڈا
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق یہ مشق پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں مسلح افواج کے امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
مشق کے دوران مختلف ہائی ٹیک اور جدید آپریشنل ٹیکنیکس کا استعمال کیا گیا تاکہ انسداد دہشت گردی کے جدید ترین طریقہ کار کو بروئے کار لایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ Warrior-IX مشق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اعتماد، ہم آہنگی اور استعداد کار کو بڑھانے کا ذریعہ ہے، اور یہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔





