اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے قرض پروگرام کے تحت زیادہ تر اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ہیں اور مشکل حالات کے باوجود معاشی استحکام میں پیش رفت ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب، عالمی معاشی دباؤ اور داخلی مشکلات کے باوجود پاکستان کی مالی کارکردگی بہتر رہی۔ آئی ایم ایف نے بتایا کہ ملک کا پرائمری سرپلس 1.3 فیصد رہا، جو مقررہ ہدف کے مطابق حاصل کیا گیا۔
ادارے کے مطابق گزشتہ سال سیلاب کے بعد خوراک کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا اہم سبب بنا، تاہم مہنگائی کا موجودہ دباؤ عارضی نوعیت کا ہے۔
ایک سال کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی اور یہ 9.4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ آنے والے برسوں میں ذخائر میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور چین کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق واریئر جاری
رپورٹ کے مطابق مضبوط معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے پاکستان کو حالیہ جھٹکوں سے نکلنے میں مدد دی ہے۔ رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح توقعات سے بہتر رہی، البتہ سیلاب کے اثرات کے باعث آئندہ سال کی معاشی رفتار میں قدرے سست روی کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے تصدیق کی کہ پاکستان کا پروگرام درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کو دونوں قرض پروگراموں کے تحت مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کر دی گئی ہے۔





