پشاور: ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان نے ملک سعد شہید پولیس لائنز میں کرائم رپورٹرز کے ساتھ خصوصی ملاقات کی، جس میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران پولیس کی ترجیحات اور اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
فرحان خان نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس معاشرے میں موجود سماج دشمن عناصر اور بچوں پر تشدد و ہراسمنٹ کے واقعات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں سٹریٹ کرائمز، قبضہ مافیا، منشیات خصوصاً آئس ڈیلرز، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے اور ان کے خلاف گھیرا سخت کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ بچوں پر تشدد اور ہراسمنٹ میں ملوث عناصر کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو، اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ میڈیا پولیس کے مثبت اقدامات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور امید ہے کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
ملاقات میں صحافیوں نے مختلف امور پر تجاویز پیش کیں، جن پر فرحان خان نے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں : فیض حمید کے سہولت کاروں کا ٹرائل بھی باقی، فیصلے جلد آئیں گے، ڈاکٹر طارق فضل
ایس ایس پی آپریشنز نے واضح کیا کہ پولیس ایمانداری، شجاعت اور دلیری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور شہریوں کے عزت نفس کے تحفظ اور معاشرتی برائیوں کی روک تھام کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
پشاور پولیس کی اس پیشرفت سے نہ صرف شہر میں امن و امان کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ بچوں، خواتین اور عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی ایک مضبوط پیغام جائے گا کہ جرائم پیشہ عناصر اور سماجی برائیوں میں ملوث افراد کے لیے اب کوئی رعایت نہیں ہوگی۔





