راتوں رات موٹروے اچانک بند،انتظامیہ نے وجہ بتا دی

پشاور: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے ایم ون موٹروے کے رشکئی (کلومیٹر 459) سے پشاور مین ٹول پلازہ (کلومیٹر 498) تک کے حصے کو گھنے دھند کے باعث بند کر دیا ہے۔

این ایچ ایم پی کے اہلکار کے مطابق موٹروے بند ہے اور مسافروں کو ہنگامی بنیادوں پر گرینڈ ٹرنک روڈ کے متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔

موٹروے پولیس نے بتایا کہ دھند کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ حد نگاہ تقریباً صفر کے برابر ہے، جس کی وجہ سے پیدل چلنا یا گاڑی چلانا انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔

ڈرائیوروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دھند ختم ہونے اور موسم بہتر ہونے تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مختلف متبادل راستے اختیار کریں۔

احتیاطی ہدایات:

سفر کے دوران آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کو روشن رکھیں تاکہ دیگر ڈرائیورز آپ کو واضح طور پر دیکھ سکیں۔
دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں تاکہ حد نگاہ میں کمی کے اثرات کم ہوں۔
تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور آگے کی گاڑی سے معمول سے زیادہ فاصلہ رکھیں۔
صبح سویرے غیر ضروری سفر نہ کریں اور روانگی سے پہلے موسم اور ٹریفک کی تازہ ترین معلومات کے لیے این ایچ ایم پی ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس کا کریک ڈاؤن ،جرائم پیشہ عناصر کے لیے اب کوئی رعایت نہیں، ایس ایس پی آپریشنز

این ایچ ایم پی نے زور دیا کہ موٹروے کو بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔

شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور دھند کے موسم میں غیر ضروری خطرہ مول نہ لیں۔

Scroll to Top