دبئی: متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اب نہ صرف غیر قانونی رہائش پذیر افراد بلکہ انہیں ملازمت یا رہائش فراہم کرنے والے افراد کو بھی وارننگز اور بھاری جرمانوں اور جیل جانے کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے یو اے ای حکام نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو مدد فراہم کرنے یا انہیں رہائش دینے والوں کے لیے سخت قوانین نافذ کر دیے ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی فوری طور پر عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات میں غیر ملکیوں کے داخلے اور رہائش سے متعلق 2021 کے قوانین کے تحت، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملازمت، رہائش یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والے افراد کے لیے سخت جرمانے اور سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
جرمانوں کی حد ایک لاکھ درہم سے لے کر پانچ ملین درہم تک ہے، جبکہ کم از کم دو ماہ قید بھی ہو سکتی ہے۔
خاص طور پر وزٹ ویزا یا سیاحتی ویزا رکھنے والے افراد کے لیے ملازمت کرنا سنگین خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔ ایسے مجرم افراد کو 10 ہزار درہم جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فضائی آلودگی اور گھنی دھند نے ملک کے بڑے شہروں کو لپیٹ میں لے لیا
یو اے ای حکام نے واضح کیا ہے کہ ان قوانین کا مقصد ملک میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور غیر قانونی رہائش یا ملازمت کی اجازت دینے والے افراد کے عمل کو روکنا ہے۔
اس اقدام کے تحت وارننگز جاری کر دی گئی ہیں اور جرمانوں کی فہرست بھی عوام کے لیے دستیاب کر دی گئی ہے تاکہ کوئی بھی فرد قوانین کی خلاف ورزی نہ کرے۔





