بنوں پولیس نے چوکی شیخ لنڈک پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

بنوں میں رات گئے تھانہ ہوید کی حدود میں قائم چوکی شیخ لنڈک پر دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جسے پولیس اہلکاروں نے جرأت، بہادری اور بروقت ردِعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

پولیس کی مؤثر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ کئی دہشتگردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی بھی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

جوابی کارروائی کے دوران پانچ پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایت پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی اضافی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

ڈی آئی جی اور ڈی پی او بنوں نے حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس وطن عزیز کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک پولیس چین سے نہیں بیٹھے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پختونخوا دہشت گردی کی زد میں:ایک سال میں 1588 حملے رپورٹ،بنوں سب سے آگے

ڈی پی او یاسر آفریدی نے رات گئے ہسپتال پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

بنوں پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ امن کے دشمنوں کے سامنے مضبوط دیوار ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

Scroll to Top