پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سال کی آخری پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
محکمہ صحت کے مطابق یہ مہم 15 دسمبر سے 18 دسمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران تقریباً 65 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم کے لیے 35 ہزار 500 پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ٹیموں کی حفاظت کے لیے 50 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
محکمہ حکام کے مطابق پشاور اور خیبر میں پولیو مہم 7 دن تک جاری رہے گی جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں یہ مہم 4 دن تک چلائی جائے گی۔
وزیرِ صحت خلیق الرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ رواں سال پولیو ویکسین کی آخری مہم شروع ہو چکی ہے جو چار دن تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت پولیو کے صفر کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اگر مہم میں کسی مقام پر کمی رہ جائے تو اسے فوری پورا کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں سیکیورٹی مسائل موجود ہیں وہاں بھی کوشش کی جائے گی کہ پولیو مہم بھرپور اور مؤثر انداز میں چلائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع تورغر میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، ملک بھر میں تعداد 30 ہو گئی
وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ ہسپتالوں میں بعض اوقات ایک مریض کے ساتھ کئی افراد آنے سے رش بڑھ جاتا ہے جسے کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو صحت کا مسئلہ ہے اور اسے ضرورت کے بغیر سیکیورٹی سے منسلک نہیں کرنا چاہتے۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے واضح کیا کہ جن اضلاع میں سیکیورٹی خدشات زیادہ ہیں وہاں اضافی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔





