جیلانی پارک لاہور میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام دو روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو اور شیر پنجاب دنگل کا اختتام شاندار انداز میں ہوا
جہاں کبڈی اور دیسی کشتی کے دلچسپ مقابلوں نے شہریوں کو محظوظ کیا۔ کبڈی کے فائنل میں پاکستان واپڈا نے پاکستان ایئر فورس کو 13 پوائنٹس سے شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاک آرمی نے تیسری پوزیشن جیتی۔
کبڈی کے علاوہ، شیر پنجاب دنگل میں دیسی کشتی کے شاندار مقابلوں نے ماحول کو جاندار بنا دیا۔ 6 بڑے مقابلوں کے علاوہ 25 دیگر مقابلوں میں معروف پہلوانوں جیسے ماما پہلوان، اعظم خان اور حسن علی نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
ڈھول کی تھاپ نے پورے ایونٹ کا ماحول جاندار کر دیا اور شائقین کی دلچسپی میں مزید اضافہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب اور اسلام آباد میں بارشوں کا نیا اسپیل، خشک سالی کا خاتمہ
صدر دیسی کشتی لاہور ایسوسی ایشن مہر محمد اکرم (کالا پہلوان) کا کہنا تھا کہ کشتی نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی مشقت کا بھی کھیل ہے، اور اگر وسائل فراہم ہوں تو اس کھیل کو مزید بلندیاں حاصل ہو سکتی ہیں۔
مقابلوں کا لطف اٹھانے کے لیے جیلانی پارک میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اور ان ایونٹس نے لاہور کی تفریحی سرگرمیوں میں ایک نیا رنگ بھرا۔